اسرائیل پر ایسا حملہ کریں گے جو اسے پچھتانے پر مجبور کردے گا، ایرانی صدر کا بیان

0
images (21)
ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

تہران (نیوز ڈیسک) — ایرانی صدر مسعود پزیشکیان نے ایک بار پھر اسرائیل کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران دشمن کی جارحیت کا بھرپور اور شدید جواب دے گا۔ انہوں نے اعلان کیا کہ “اسرائیلی حملوں کا جواب اسی کی زبان میں دیا جائے گا” اور اگر اسرائیل نے مزید حملے کیے تو ایسا حملہ کیا جائے گا جو اسے پچھتانے پر مجبور کر دے گا۔

صدر پزیشکیان کا کہنا تھا کہ “ہم جنگ کو وسعت نہیں دینا چاہتے لیکن ہر جارحیت کا جواب ضرور دیں گے”۔ انہوں نے ترک صدر سے فون پر گفتگو کے دوران واضح کیا کہ جنگ کا آغاز ایران نے نہیں کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ “ہر کمانڈر کے ہاتھ سے گرنے والا پرچم نیا کمانڈر اٹھائے گا اور دشمن کے خلاف سینہ سپر ہوگا۔”

ادھر ایرانی قومی سلامتی کونسل نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ اسرائیل کیخلاف جوابی کارروائیوں پر پیشرفت کا جائزہ لیا جا رہا ہے اور مستقبل میں مزید سخت حملوں کی منصوبہ بندی جاری ہے۔

گزشتہ روز صدر پزیشکیان نے ایرانی پارلیمنٹ سے خطاب میں زور دیا تھا کہ ایران ایٹمی ہتھیاروں کے خلاف ہے اور صرف پرامن مقاصد کے لیے جوہری تحقیق جاری رکھے گا۔ انہوں نے ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کے اس فتوے کا حوالہ دیا جس میں وسیع پیمانے پر تباہی پھیلانے والے ہتھیاروں کو اسلامی طور پر ممنوع قرار دیا گیا ہے۔

صدر نے قوم سے اپیل کی کہ موجودہ بحران میں ہر اختلاف کو بالائے طاق رکھ کر اتحاد اور یکجہتی کے ساتھ اسرائیلی جارحیت کے خلاف کھڑے ہوں۔ ان کے مطابق، “ہم صیہونی حکومت کی مسلط کردہ جنگ کے باوجود صبر و استقامت کا مظاہرہ کریں گے۔ اسرائیل ہمیں مٹانا چاہتا ہے، مگر ہم ایک شہید کے بدلے سو کھڑے کریں گے۔”

صدر نے مزید کہا کہ امریکی حمایت یافتہ اسرائیلی مظالم خطے کے امن کو تباہ کر رہے ہیں، اور مسلمان ممالک کو ایک ایک کر کے نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ “طاقت کے زور پر ایران کو ختم نہیں کیا جا سکتا۔”

یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب خطے میں کشیدگی انتہائی بلند سطح پر پہنچ چکی ہے اور ایران کی جانب سے جوابی حملوں کی اطلاعات مسلسل عالمی میڈیا کی توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہیں۔

 

اس پوسٹ کو شیئر کریں

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *