بیجنگ (نیوز ڈیسک) — مشرق وسطیٰ میں جاری کشیدگی پر چین نے سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اسرائیلی جارحیت کی شدید مذمت کی ہے۔ چینی وزارتِ خارجہ کے ترجمان لین جیان نے واضح کیا کہ چین کسی بھی ایسے اقدام کی سخت مخالفت کرتا ہے جو ایران کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کو پامال کرے۔
ترجمان نے کہا کہ خطے میں تناؤ کا اچانک بڑھ جانا نہ صرف خطرناک ہے بلکہ یہ کسی بھی فریق کے مفاد میں نہیں۔ انہوں نے تمام ممالک پر زور دیا کہ وہ ذمہ داری اور تحمل کا مظاہرہ کرتے ہوئے امن، استحکام اور سلامتی کے فروغ کے لیے عملی اقدامات کریں۔
لین جیان نے مزید کہا کہ چین اس بحران میں تعمیری اور مثبت کردار ادا کرنے کو تیار ہے تاکہ مشرق وسطیٰ میں امن بحال کیا جا سکے اور موجودہ صورتحال کو مزید خراب ہونے سے بچایا جا سکے۔
ادھر ترکی نے بھی اسرائیل کے حالیہ حملے پر شدید ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے اقدامات نہ صرف خطے میں خطرناک کشیدگی کو جنم دے سکتے ہیں بلکہ یہ انسانی جانوں کے ضیاع کا بھی سبب بن رہے ہیں۔ ترک وزارتِ خارجہ نے تمام فریقین سے تحمل، مذاکرات اور دانشمندی سے کام لینے کی اپیل کی ہے۔