فرانسیسی صدر کو بیوی نے تھپڑ دے مارا ۔ ویڈیو وائرل

لاہور (ویب ڈیسک) فرانس کے صدر ایمانویل میکرون اور ان کی اہلیہ بریجیت میکرون کے درمیان ویتنام کے حالیہ دورے کے دوران پیش آنے والا ایک لمحہ سوشل میڈیا پر شدید وائرل ہو گیا ہے، جس میں بریجیت کو صدر میکرون کے چہرے کی جانب ہاتھ بڑھاتے، گویا تھپڑ یا دھکا دیتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ یہ ویڈیو اس وقت بنائی گئی جب دونوں شخصیات ویتنام کے دارالحکومت ہنوئی میں صدارتی طیارے سے اتر رہی تھیں۔
ویڈیو میں واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے کہ جیسے ہی صدر میکرون طیارے سے باہر نکلتے ہیں، ان کی اہلیہ ان کے عقب سے نمودار ہوتی ہیں اور کیمرے کی آنکھ نے اس لمحے کو قید کر لیا جب بریجیت میکرون کا ہاتھ اچانک صدر کے چہرے کی طرف بڑھتا ہے۔ اس دوران صدر میکرون اپنا بازو آگے کرتے ہیں تاکہ اہلیہ کا ہاتھ تھام سکیں، مگر بریجیت میکرون ان کا ہاتھ تھامنے کے بجائے سیڑھی کے ہینڈ ریل کو پکڑ لیتی ہیں۔
سوشل میڈیا پر یہ ویڈیو وائرل ہونے کے بعد لوگوں نے ملے جلے ردعمل کا اظہار کیا۔ کچھ صارفین نے اس منظر کو ایک بے ضرر گھریلو مزاح قرار دیا، جبکہ دیگر افراد نے اسے میاں بیوی کے درمیان ممکنہ اختلافات کی جھلک سمجھا۔ متعدد پوسٹس میں طنزیہ تبصرے بھی دیکھنے کو ملے۔
تاہم، فرانسیسی صدارتی دفتر (ایلیزے پیلس) نے فوری طور پر اس واقعے کی وضاحت جاری کرتے ہوئے اسے “بے ضرر اور نجی لمحہ” قرار دیا۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ “یہ ایک مذاق تھا جسے کیمرے نے غلط زاویے سے قید کر لیا، اسے سنجیدگی سے نہ لیا جائے۔” صدر میکرون نے بھی صحافیوں سے گفتگو میں کہا کہ یہ کوئی “جیو-پلانٹری تباہی” نہیں بلکہ معمول کی بات تھی۔
واضح رہے کہ صدر میکرون ان دنوں جنوب مشرقی ایشیا کے دورے پر ہیں، جس کا مقصد فرانس کی خطے میں سفارتی اور اقتصادی موجودگی کو مستحکم کرنا ہے۔ ویتنام کے ساتھ تعلقات کو مضبوط بنانے کے لیے یہ دورہ انتہائی اہم تصور کیا جا رہا ہے، تاہم اس نجی نوعیت کے لمحے نے بین الاقوامی میڈیا کی توجہ اپنی جانب مبذول کرا لی ہے۔