تیز آندھی کا قہر، چھتیں اور دیواریں گرنے سے 3 افراد جاں بحق، 10 زخمی

جہلم (ویب ڈیسک) جہلم اور گرد و نواح میں شدید آندھی اور تیز ہواؤں نے بڑے پیمانے پر تباہی مچادی، مختلف حادثات میں خاتون سمیت کم از کم 3 افراد جاں بحق اور 10 سے زائد افراد زخمی ہو گئے۔
ذرائع کے مطابق گل افشاں کالونی میں ایک نوجوان درخت گرنے کے باعث جان کی بازی ہار گیا، جبکہ ویسٹ کالونی میں مکان کی چھت گرنے سے ایک خاتون جاں بحق ہوئیں۔ اسی طرح ڈھوک وہاب دین میں ہوٹل کی دیوار گرنے سے ایک ویٹر زندگی سے ہاتھ دھو بیٹھا۔
مزید واقعات میں دینہ کی مویشی منڈی کے قریب دیوار گرنے سے 3 افراد شدید زخمی ہوئے جبکہ پنڈدادخان میں مکان کی چھت گرنے سے 4 افراد زخمی ہوئے۔
تیز آندھی نے شہر بھر میں کئی گھروں کی چھتوں پر نصب سولر پلیٹس، ہورڈنگ بورڈز اور دیگر سامان زمین بوس کر دیا۔ متعدد گاڑیاں اور موٹر سائیکلیں بھی متاثر ہوئیں، جنہیں گرنے والے درختوں اور بورڈز نے نقصان پہنچایا۔
ریسکیو ٹیمیں اور مقامی انتظامیہ امدادی کاموں میں مصروف ہیں، جبکہ شہریوں کو آئندہ چند روز میں ممکنہ مزید موسمی شدت کے پیش نظر احتیاط برتنے کی ہدایت کی گئی ہے