بھارتی کرکٹ بورڈ نے غیر ملکی کھلاڑیوں کی واپسی کیلئے دباؤ بڑھا دیا

لاہور (ویب ڈیسک) — جنگ بندی کے بعد بھارتی کرکٹ بورڈ نے انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کو دوبارہ شروع کرنے کا اعلان کر دیا ہے، تاہم کئی غیر ملکی کھلاڑی سکیورٹی خدشات کے باعث بھارت واپسی سے ہچکچا رہے ہیں، جس پر بی سی سی آئی نے مختلف ممالک کے کرکٹ بورڈز پر دباؤ ڈالنا شروع کر دیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق بی سی سی آئی نے آئی پی ایل انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ وہ آسٹریلیا، انگلینڈ سمیت تمام متعلقہ بورڈز سے انفرادی طور پر رابطہ کریں تاکہ کھلاڑیوں کے خدشات دور کیے جا سکیں۔ بھارتی بورڈ کے ایک عہدیدار نے تصدیق کی کہ تمام غیر ملکی کرکٹ بورڈز سے رابطے جاری ہیں، اور آئی پی ایل کی فرنچائزز بھی اپنے کھلاڑیوں سے براہ راست بات کر رہی ہیں تاکہ انہیں واپسی پر آمادہ کیا جا سکے۔
دوسری جانب کرکٹ آسٹریلیا نے بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت واپس جانے یا نہ جانے کا فیصلہ ہر کھلاڑی کا ذاتی ہوگا اور بورڈ ان کے فیصلے کی مکمل حمایت کرے گا۔ آسٹریلوی بورڈ کا کہنا ہے کہ وہ ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے فائنل کی تیاریوں پر بھی نظر رکھے ہوئے ہیں اور کھلاڑیوں کی بھارت واپسی کی صورت میں تیاریوں پر پڑنے والے اثرات کا جائزہ لیا جائے گا۔ سکیورٹی معاملات پر آسٹریلوی حکومت اور بی سی سی آئی سے مسلسل رابطے میں ہیں۔
بھارتی کرکٹ بورڈ کی اس پیش رفت سے ظاہر ہوتا ہے کہ آئی پی ایل کی مکمل بحالی کیلئے بی سی سی آئی ہر ممکن کوشش کر رہا ہے، تاہم غیر ملکی کھلاڑیوں کے خدشات دور کرنا ابھی بھی ایک بڑا چیلنج ہے۔