عمران خان دوبارہ وزیر اعظم نہیں بن سکتے، شبر زیدی کا دوٹوک مشورہ

لاہور (ویب ڈیسک) — فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے سابق چیئرمین شبر زیدی نے پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان کو مشورہ دیا ہے کہ وہ دوبارہ وزارتِ عظمیٰ کے خواب دیکھنا ترک کر دیں اور ملک کے “گاندھی” بننے پر غور کریں۔ نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے شبر زیدی نے کہا کہ عمران خان کا ٹیمپرمنٹ وزیر اعظم جیسا نہیں، جو نہ صرف ان کے لیے نقصان دہ ہے بلکہ ملکی سیاست کے لیے بھی غیر موزوں ہے۔
شبر زیدی نے واضح الفاظ میں کہا کہ “عمران خان اب کبھی دوبارہ پاکستان کے وزیر اعظم نہیں بن سکتے، یہ حقیقت ہے جسے انہیں قبول کرنا چاہیے۔” انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان کو اب ملک میں مصالحت، صبر اور برداشت کی سیاست کرنی چاہیے، اور ایک ایسی شخصیت کا کردار ادا کرنا چاہیے جو قوم کو متحد کرے، نہ کہ تقسیم کرے۔
شبر زیدی نے پاکستان کے بانیان کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ “جن لوگوں نے پاکستان بنایا یا اس میں کردار ادا کیا، وہ بیچارے لالو کھیت، گولیمار جیسے علاقوں میں موجود ہیں، جبکہ اسمبلیوں میں بیٹھے افراد کا اس ملک کی تشکیل میں کوئی کردار نہیں۔”
ان کے بیان کو سیاسی حلقوں میں اہم موڑ تصور کیا جا رہا ہے، جو موجودہ سیاسی تناؤ اور عمران خان کی مستقبل کی سیاست پر اثرانداز ہو سکتا ہے۔