دل کے مریضوں کے لیے نیا علاج متعارف، اموات میں نمایاں کمی کی امید

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) برطانیہ میں دل کے عارضے میں مبتلا مریضوں کے لیے ایک نیا اور مؤثر علاج متعارف کرایا گیا ہے، جس سے اموات کی شرح میں 62 فیصد تک کمی آنے کی توقع ہے۔ یہ طریقہ علاج ایک کامیاب طبی تحقیق “گیم چینجر ٹرائل” کے تحت رائج کیا گیا ہے۔
ماہرین کے مطابق یہ نئی پیشرفت دل کے مریضوں کے لیے ایک بڑی کامیابی ہے، کیونکہ ماضی میں ایسے مریضوں کو مہینوں طویل انتظار کا سامنا کرنا پڑتا تھا، جبکہ اب دو ہفتوں کے اندر دوا کا استعمال شروع کیا جا سکے گا۔
رپورٹس کے مطابق برطانیہ میں تقریباً 10 لاکھ افراد دل کی بیماریوں کا سامنا کر رہے ہیں۔ لندن کے سینٹ جارج اسپتال اور ویلز کے موریسٹن اسپتال نے اس جدید علاج کو اپناتے ہوئے متعدد مریضوں پر کامیابی سے اس کا استعمال شروع کر دیا ہے۔
طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ نیا علاج نہ صرف مریضوں کی زندگی بڑھانے میں معاون ہوگا بلکہ علاج کا دورانیہ بھی نمایاں طور پر کم کر دے گا، جس سے اسپتالوں پر دباؤ کم ہونے کی امید ہے۔
طبی حلقے اس پیشرفت کو دل کے امراض کے علاج میں ایک اہم سنگ میل قرار دے رہے ہیں اور اندازہ ہے کہ جلد ہی دیگر اسپتال بھی اس جدید طریقہ کار کو اختیار کر لیں گے۔