بھارت کا ناپاک منصوبہ بے نقاب! پاکستان کیخلاف فوجی کارروائی کی سازش، نیویارک ٹائمز کا چونکا دینے والا انکشاف

لاہور (ویب ڈیسک) — نیویارک ٹائمز کی تازہ رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ بھارت عالمی برادری میں کشیدگی کم کرنے کے بجائے پاکستان کے خلاف فوجی کارروائی کا جواز تیار کر رہا ہے۔
رپورٹ کے مطابق، بھارت اندرونی خلفشار اور سیاسی دباؤ سے عالمی توجہ ہٹانے کے لیے جنگی جنون کا مظاہرہ کر رہا ہے۔ پہلگام فالس فلیگ آپریشن کے فوراً بعد بھارت نے بغیر کسی ٹھوس ثبوت کے پاکستان پر الزام دھرا، جبکہ مودی حکومت نے درجنوں عالمی رہنماؤں سے رابطہ کر کے پاکستان کے خلاف سخت اقدامات میں حمایت مانگی۔
امریکی اخبار کے مطابق، بھارتی وزارت خارجہ نے سفارتکاروں کو بریفنگ میں پاکستان کو دہشت گرد گروپوں کی مبینہ حمایت کا ذمہ دار ٹھہرایا، تاہم اب تک کوئی عوامی ثبوت پیش نہیں کیا گیا۔ دیگر ممالک نے بھی بھارت سے ٹھوس شواہد فراہم کرنے کا مطالبہ کر رکھا ہے۔
رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ بھارتی تجزیہ کار اور سفارتکار اس بات پر متفق ہیں کہ بھارت کو پاکستان کے خلاف کوئی کارروائی کرنے سے پہلے دہشت گردانہ حملے کا واضح اور مضبوط ثبوت درکار ہوگا۔
مزید برآں، بھارت نے 1960 کے ’’انڈس واٹر ٹریٹی‘‘ کو بھی معطل کر دیا ہے، سفارتی تعلقات محدود کیے گئے ہیں، کشمیریوں کے خلاف کریک ڈاؤن اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں بڑھا دی گئی ہیں۔ بھارت میں مسلم مخالف جذبات میں بھی خطرناک حد تک اضافہ ہو چکا ہے، اور کشمیری طلباء کو ہراساں اور بے دخل کیے جانے کی اطلاعات موصول ہو رہی ہیں۔