ایران اور اسرائیل جنگ بندی پر متفق، امریکی صدر کا اعلان

0
1320616_8584157_trump-kashmir2_updates
ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

تہران / تل ابیب / واشنگٹن (این این آئی) — امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا ہے کہ ایران اور اسرائیل کے درمیان مکمل جنگ بندی پر اتفاق ہو گیا ہے، جس کا باقاعدہ آغاز اگلے 6 گھنٹوں میں ہو گا۔

صدر ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم “ٹروتھ سوشل” پر ایک پیغام میں کہا:

“مبارک ہو! اسرائیل اور ایران کے درمیان مکمل جنگ بندی طے پا گئی ہے۔ دونوں فریق اگلے 6 گھنٹوں میں اپنے جاری مشن مکمل کر کے حملے بند کر دیں گے۔”

صدر کے مطابق جنگ بندی کا آغاز ایران کرے گا، جب کہ 12ویں گھنٹے پر اسرائیل بھی جنگ بندی کی پاسداری شروع کر دے گا۔ 24 گھنٹے بعد اس 12 روزہ جنگ کے خاتمے کو عالمی سطح پر باقاعدہ طور پر تسلیم کیا جائے گا۔

صدر ٹرمپ نے کہا:

“یہ جنگ برسوں تک جاری رہ سکتی تھی اور پورے مشرق وسطیٰ کو تباہی کی طرف لے جا سکتی تھی، لیکن دونوں ممالک کی دانشمندی، ہمت اور استقامت نے اسے اختتام تک پہنچایا۔ خدا ایران، اسرائیل، مشرق وسطیٰ، امریکا اور پوری دنیا پر رحم کرے۔”

اس سے قبل ایک پوسٹ میں ٹرمپ نے انکشاف کیا کہ ایران نے اپنے جوہری تنصیبات پر امریکی حملے کے جواب میں 14 میزائل داغے جن میں سے 13 کو مار گرایا گیا اور ایک میزائل کو راستہ محفوظ ہونے کی وجہ سے روکنے کی ضرورت نہ پڑی۔ خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

صدر ٹرمپ کا کہنا تھا:

“ایران نے اپنا غصہ نکال لیا ہے، اور اب امید ہے کہ مزید نفرت نہیں ہو گی۔ ہم چاہتے ہیں کہ تہران خطے میں امن و ہم آہنگی کی جانب بڑھے، اور اسرائیل سے بھی یہی توقع رکھتے ہیں۔”

انہوں نے ایران کی جانب سے حملے سے پہلے پیشگی اطلاع دینے پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایک دانشمندانہ عمل تھا جس سے قیمتی جانیں بچ گئیں۔

صدر ٹرمپ نے امیرِ قطر کا بھی شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے اس کشیدہ صورتحال میں ثالثی اور امن کی کوششیں کیں۔ اختتامی پیغام میں صدر نے لکھا:

“دنیا کو مبارک ہو — اب وقت ہے امن کا!”

اس پوسٹ کو شیئر کریں

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *