بغیر لائسنس ڈرائیونگ پر سخت اقدام: موٹرسائیکل پر 25 ہزار اور کار پر 50 ہزار روپے جرمانے کا فیصلہ

کراچی (ویب ڈیسک) — سندھ حکومت نے بغیر ڈرائیونگ لائسنس کے گاڑی یا موٹرسائیکل چلانے والوں کے خلاف سخت اقدامات کا فیصلہ کیا ہے۔ نجی ٹی وی سماء نیوز کے مطابق وزیرِ داخلہ سندھ، ضیاء الحسن لنجار کی زیر صدارت اجلاس میں طے کیا گیا کہ موٹرسائیکل بغیر لائسنس چلانے پر 25 ہزار جبکہ کار پر 50 ہزار روپے کا جرمانہ عائد ہوگا۔
رانگ وے موٹرسائیکل چلانے والوں کو بھی 25 ہزار روپے کا چالان بھرنا پڑے گا۔ 4 سیٹر رکشوں پر مکمل پابندی کے لیے ترامیم منظور کر لی گئی ہیں، جبکہ ون بائی ٹو سیٹر رکشوں کو سڑک پر لانے کی اجازت دی جائے گی۔
وزیر اعلیٰ سندھ نے عید کے موقع پر صفائی کی صورتحال کی خود نگرانی کرنے اور فینائل و عرقِ گلاب چھڑکنے کی ہدایت کی ہے۔ ون وے کی خلاف ورزی کرنے والی سرکاری گاڑیوں پر 2 لاکھ روپے کا جرمانہ عائد کیا جائے گا، اور ای چالان براہِ راست گاڑی مالکان کے پتے پر ارسال کیے جائیں گے۔ ان قوانین کو حتمی منظوری کے لیے سندھ کابینہ میں پیش کیا جائے گا۔