کراچی: ڈیفنس میں موٹر سائیکل سوار پر تشدد کرنے والا بااثر شخص گرفتار

کراچی (ویب ڈیسک) خیابانِ اتحاد میں شہری پر تشدد کا افسوسناک واقعہ، جس کی ویڈیو گزشتہ رات سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی، نے اعلیٰ پولیس حکام کو فوری حرکت میں آنے پر مجبور کر دیا۔ ایس ایس پی ساؤتھ اور دیگر افسران نے واقعے کا سختی سے نوٹس لیا۔
تفصیلات کے مطابق، تھانہ گزری میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے جس میں اقدامِ قتل، توہینِ انسانیت، تشدد اور ہنگامہ آرائی سمیت سنگین دفعات شامل کی گئی ہیں۔ ایس ایس پی ساؤتھ کی ہدایت پر ایس ایچ او گزری نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزم سلمان فاروقی کے کئی ملازمین کو گرفتار کر لیا تھا۔
تاہم مرکزی ملزم سلمان فاروقی ابتدائی طور پر موقع سے فرار ہو گیا تھا، لیکن تازہ پیش رفت میں پولیس نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے اسے بھی گرفتار کر لیا ہے۔
ایس ایس پی ساؤتھ کا کہنا ہے کہ:
> “قانون ہاتھ میں لینے کی کسی کو اجازت نہیں دی جا سکتی، اور ملزم کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی کی جائے گی۔”
واقعے نے عوامی سطح پر شدید ردعمل کو جنم دیا ہے اور شہری حلقے پولیس کی فوری کارروائی کو سراہ رہے ہیں جبکہ ملزم کو مثالی سزا دینے کا مطالبہ بھی زورپکڑ رہا ہے۔