بابراعظم کی سڑک پر نوجوان مداحوں سے تلخ کلامی، ویڈیو وائرل

لاہور (ویب ڈیسک) قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان بابر اعظم ایک نئی ویڈیو کلپ کی وجہ سے سوشل میڈیا پر سخت تنقید کی زد میں آگئے ہیں، جس میں انہیں مداحوں کے ساتھ سڑک پر الجھتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔ ویڈیو ایکس (ٹوئٹر) پر وائرل ہو رہی ہے جس میں بابر اعظم کو چند نوجوانوں کے ساتھ تلخ کلامی کرتے اور ایک مداح کو دھکا دیتے ہوئے اپنی گاڑی کی طرف بڑھتے دیکھا گیا۔
ویڈیو میں مداحوں کا ہجوم بابر اعظم کے گرد جمع ہے جبکہ وہ کسی بات پر شدید غصے میں نظر آتے ہیں، اگرچہ ویڈیو میں ان کی آواز واضح نہیں لیکن اندازہ لگایا جا رہا ہے کہ کسی ناخوشگوار جملے یا چھیڑ چھاڑ پر بابر کا پارہ چڑھا۔ اس رویے پر صارفین کی جانب سے کرکٹر کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔
واضح رہے کہ بابر اعظم کو نیوزی لینڈ کے دورے میں ناقص کارکردگی کے بعد ٹی20 اسکواڈ سے ڈراپ کیا گیا تھا اور انہیں بنگلادیش کے خلاف جاری سیریز میں بھی شامل نہیں کیا گیا۔ ایسے میں ان کا مداحوں سے سڑک پر الجھنا ایک مزید تنازعہ کی شکل اختیار کر چکا ہے۔