پاکستان اور بنگلہ دیش کا دوسرا ٹی ٹوئنٹی میچ آج ہوگا

لاہور (ویب ڈیسک) قذافی اسٹیڈیم لاہور میں آج پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان دوسرا ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلا جائے گا، جو رات 8 بجے شروع ہوگا۔ شائقین کرکٹ اس میچ کو پی ٹی وی اسپورٹس ایچ ڈی پر براہ راست دیکھ سکیں گے۔
تین میچز کی اس سیریز میں پاکستان کو 1-0 کی برتری حاصل ہے۔ پہلے میچ میں قومی ٹیم نے شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے بنگلہ دیش کو 37 رنز سے شکست دی تھی۔ گرین شرٹس نے پہلے کھیلتے ہوئے 7 وکٹوں کے نقصان پر 201 رنز بنائے، جس کے جواب میں بنگلہ دیش کی ٹیم 19.2 اوورز میں 164 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی تھی۔
شائقین کی نظریں اب دوسرے میچ پر جمی ہوئی ہیں، جہاں پاکستان کی کوشش ہوگی کہ وہ سیریز میں فیصلہ کن برتری حاصل کرے، جبکہ بنگلہ دیش کی ٹیم واپسی کے لیے پرعزم ہے۔
سیریز کا تیسرا اور آخری ٹی ٹوئنٹی میچ اتوار کو لاہور ہی میں کھیلا جائے گا۔