فتنہ الہندوستان کے دہشتگرد جہنم واصل: وزیرِاعظم نے سیکیورٹی فورسز کو سراہا

لاہور (ویب ڈیسک) وزیرِاعظم محمد شہباز شریف نے بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز کی جانب سے بھارتی سرپرستی میں پاکستان میں شر انگیزی پھیلانے والے دہشتگردوں کے خلاف کامیاب کارروائیوں کو سراہتے ہوئے قوم کو اعتماد دلایا ہے کہ دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک یہ جنگ جاری رہے گی۔
تفصیلات کے مطابق، سیکیورٹی فورسز نے حالیہ آپریشنز کے دوران بھارتی پراکسی نیٹ ورکس سے تعلق رکھنے والے “فتنہ الہندوستان” کے لورالائی میں 4، بلوچستان میں مجموعی طور پر 5 اور ضلع کیچ میں 1 دہشتگرد کو جہنم واصل کیا۔ وزیرِاعظم نے ان بہادرانہ کارروائیوں پر سیکیورٹی فورسز کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔
وزیرِاعظم شہباز شریف نے اپنے بیان میں کہا:
“پاکستان میں بھارتی پراکسیوں کے دہشتگردوں کے مکمل خاتمے کیلئے افواج پاکستان شب و روز مصروف عمل ہیں، اور دہشتگردی کے خلاف اس جنگ میں پوری قوم اپنی افواج پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔”
انہوں نے مزید کہا کہ دشمن عناصر چاہے اندرونی ہوں یا بیرونی، ان کے عزائم کو خاک میں ملا دیا جائے گا۔ پاکستان کے عوام اور سیکیورٹی ادارے مل کر اس وطن کی سالمیت، امن اور استحکام کے دشمنوں کو شکست دینے میں کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے۔