عیدالاضحیٰ پر بھارتی فلموں کی نمائش پر پابندی عائد

لاہور (ویب ڈیسک) عید الاضحیٰ کے موقع پر پاکستانی سنیما انڈسٹری کو فروغ دینے کے لیے حکومت نے اہم قدم اٹھاتے ہوئے ملک بھر کے سنیما گھروں میں بھارتی فلموں کی نمائش پر عارضی پابندی عائد کر دی ہے۔ اس پابندی میں بھارتی پنجابی فلمیں اور ڈب کی گئی فلمیں بھی شامل ہیں۔
یہ فیصلہ مقامی فلمی صنعت کو سپورٹ فراہم کرنے اور عید کے موقع پر پاکستانی فلموں کو باکس آفس پر بھرپور موقع دینے کے لیے کیا گیا ہے۔ پابندی کا اطلاق عیدالاضحیٰ سے دو دن قبل ہوگا اور یہ عید کے بعد دو ہفتوں تک نافذ العمل رہے گی۔
حکام کے مطابق اس اقدام کا مقصد مقامی پروڈکشنز کو زیادہ پذیرائی دینا اور عوام کو پاکستانی فلموں کی جانب راغب کرنا ہے، تاکہ ملکی سنیما کو مضبوط بنیادیں فراہم کی جا سکیں۔
یاد رہے کہ اس عید پر کئی بڑی پاکستانی فلمیں ریلیز ہو رہی ہیں جن میں ماہرہ خان اور ہمایوں سعید کی رومانوی فلم “لو گرو” جبکہ فیصل قریشی اور ثمینہ پیرزادہ کی ہارر فلم “دیمک” شامل ہیں۔ دونوں فلموں کا شائقین بے تابی سے انتظار کر رہے ہیں، اور توقع ہے کہ ان فلموں کو عید کے دوران بھرپور پذیرائی حاصل ہوگی۔
یہ پابندی ایک ایسی کوشش ہے جو پاکستانی فلم انڈسٹری کو ایک نئی زندگی دے سکتی ہے، بشرطیکہ مقامی فلمیں معیار، کہانی اور پروڈکشن کے لحاظ سے عوامی توقعات پر پورا اتریں۔