لندن میں ماہرہ خان کے ساتھ بدسلوکی و ہراسانی، ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل

لندن (ویب ڈیسک) پاکستانی اداکارہ ماہرہ خان کو لندن میں اپنی نئی فلم “لو گرو” کے پروموشنل ایونٹ کے دوران انتہائی ناخوشگوار صورت حال کا سامنا کرنا پڑا، جب ہجوم کی بدانتظامی اور اوباش عناصر کی بدتمیزی نے ایونٹ کو بدنظمی کا شکار بنا دیا۔
یہ واقعہ لندن کے علاقے الفورڈ میں واقع انڈو-پاک سپر مارکیٹ میں اس وقت پیش آیا، جب ماہرہ خان اور ہمایوں سعید فلم کی تشہیر کے لیے مداحوں سے ملاقات کی غرض سے پہنچے۔ ابتدا میں سب کچھ معمول کے مطابق تھا، لیکن جیسے ہی ہجوم بے قابو ہوا، سیکیورٹی کے ناقص انتظامات کے باعث چند افراد نے بدتمیزی شروع کر دی۔
سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ماہرہ خان کو رش کے دوران نامناسب انداز میں چھونے کی کوشش کی گئی، جس پر وہ شدید پریشان اور نالاں نظر آئیں۔ اداکارہ کا ارادہ تھا کہ وہ اسٹور کی چھت پر جا کر مداحوں سے ہاتھ ہلائیں، مگر بے قابو ہجوم نے ان کے ارادے پر پانی پھیر دیا۔
تاحال ماہرہ خان یا ایونٹ منتظمین کی جانب سے کوئی باقاعدہ بیان سامنے نہیں آیا، تاہم مداحوں نے سوشل میڈیا پر اس بدسلوکی کی شدید مذمت کی ہے اور ماہرہ خان سے اظہارِ یکجہتی کیا ہے۔
یاد رہے کہ “لو گرو” 6 جون کو سینما گھروں کی زینت بنے گی اور ماہرہ خان و ہمایوں سعید اس فلم کی پروموشن کے لیے ان دنوں بیرونِ ملک دورے پر ہیں۔ تاہم یہ افسوسناک واقعہ ایونٹ کی خوبصورتی کو بری طرح متاثر کر گیا