لاہور (ویب ڈیسک) فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی جانب سے “معرکۂ حق، آپریشن بنیان مرصوص” کے دوران سیاسی و عسکری قیادت، سائنسی و سفارتی شعبے اور عوام کے غیرمتزلزل عزم کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے لیے ایک اہم عشائیہ دیا گیا، جس میں صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف سمیت اعلیٰ سیاسی و عسکری قیادت نے شرکت کی۔
آئی ایس پی آر کے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق اس باوقار تقریب میں چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی، پاک فضائیہ اور پاک بحریہ کے سربراہان، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، بلاول بھٹو زرداری، اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق، وفاقی وزراء، چاروں صوبوں کے گورنرز اور وزرائے اعلیٰ شریک ہوئے۔
اس موقع پر فیلڈ مارشل عاصم منیر نے معرکۂ حق کے دوران سیاسی قیادت کی دانشمندی، سائنسدانوں، انجینئرز اور سفارت کاروں کی پیشہ ورانہ خدمات، اور پاکستانی نوجوانوں کے جذبے کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ ان تمام عناصر نے مل کر بھارت کی جھوٹ پر مبنی پروپیگنڈہ مہم کو بے نقاب کیا اور قومی سلامتی کے تحفظ میں کلیدی کردار ادا کیا۔
فیلڈ مارشل نے آپریشن بنیان مرصوص کی کامیابی کو تینوں مسلح افواج کے درمیان مثالی ہم آہنگی کا نتیجہ قرار دیا اور بھارتی پروپیگنڈے کے خلاف پاکستانی میڈیا اور نوجوانوں کو “آہنی دیوار” کا درجہ دیتے ہوئے ان کی کاوشوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
عشائیہ کے شرکاء نے اس موقع پر موجودہ قیادت کی اسٹریٹجک بصیرت، افواجِ پاکستان کی جرات و قربانی، اور پاکستانی عوام کے مضبوط حب الوطنی کے جذبے کو سراہا، اور اس بات کا اعادہ کیا کہ قوم ہر محاذ پر متحد اور مضبوط ہے۔