فیصل واوڈا کا دعویٰ: فیض حمید کو کم از کم 14 سال قید کی سزا ملے گی

0
images (9)
ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

لاہور (ویب ڈیسک) سینئر سیاستدان اور سینیٹر فیصل واوڈا نے کہا ہے کہ سابق لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید کو کم از کم 14 سال قید کی سزا متوقع ہے، وہ اپنے قریبی ساتھیوں کو بھی نہیں بخش رہے تو دوسروں کے لیے نرمی کی امید رکھنا بے سود ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بادشاہوں کے دل بڑے ضرور ہوتے ہیں، مگر جیلوں کے کمرے چھوٹے ہیں۔

نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے فیصل واوڈا نے کہا کہ اب سیاست اپنی روایتی شکل میں باقی نہیں رہی، اور ملک میں صرف ایک ہی شخصیت لیڈرشپ کا کردار ادا کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ فیلڈ مارشل تینوں مسلح افواج کی قیادت کر رہے ہیں اور ان کی حکمت عملی سے ملک کو وہ فوائد مل رہے ہیں جن کا طویل عرصے سے انتظار تھا۔ واوڈا کے مطابق پوری قوم اس قیادت کے پیچھے کھڑی ہے۔

انہوں نے وزیراعظم شہباز شریف کے بارے میں کہا کہ وہ بغیر پہیوں کے جہاز اڑا رہے ہیں، جس میں ہم سب سوار ہیں اور اسے اڑانے کا کریڈٹ انہیں دینا چاہیے کیونکہ ان کے دور حکومت میں ہی ملک کو کامیابیاں حاصل ہو رہی ہیں۔

فیصل واوڈا نے موجودہ عسکری قیادت کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وہ نہ صرف دباؤ میں آئے بغیر کام کر رہے ہیں بلکہ ملکی مفادات کے ہر محاذ پر سرگرم ہیں، چاہے وہ آئی ایم ایف سے مذاکرات ہوں، دہشت گردی کا خاتمہ ہو یا سرمایہ کاری کے مواقع پیدا کرنا۔

پی ٹی آئی سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اب ان کے سوالات یا اسٹیبلشمنٹ سے رابطے کی کوئی گنجائش باقی نہیں رہی۔ انہوں نے مشورہ دیا کہ اب ٹکراؤ کی بجائے مذاکرات کا راستہ اپنایا جائے کیونکہ حکومت کی ناکامیاں بھی پس منظر میں چلی گئی ہیں اور کامیابیاں نمایاں ہو گئی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اگر ان کے بچوں کو نقصان پہنچا تو بھارت کو اس کا خمیازہ بھگتنا پڑے گا، اور اگر پانی روکا گیا تو پاکستان جوابی کارروائی کرنے میں دیر نہیں لگائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ سپہ سالار ہی بھارت سے مودی کی حکومت کا دباؤ ختم کرائیں گے۔

علیمہ خان کے بیان پر تبصرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ “بادشاہت تو ہے، مگر جیلوں کے کمرے چھوٹے ہیں”، اور ساتھ ہی واضح کیا کہ اسٹیبلشمنٹ کبھی پی ٹی آئی سے بات نہیں کرے گی۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ عمران خان کی جلد رہائی کے امکانات بہت کم ہیں اور موجودہ سیاسی منظرنامہ اسی “جہاز” میں ن لیگ اور پی ٹی آئی دونوں کے اکٹھے بیٹھنے کی طرف بڑھ رہا ہے۔

اس پوسٹ کو شیئر کریں

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *