لاہور (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے کوئٹہ کا دورہ کیا اور خضدار میں اسکول بس دھماکے میں زخمی ہونے والے بچوں کی عیادت کی۔ انہوں نے اس افسوسناک واقعے کو دشمن کی بزدلانہ کارروائی قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہمارے بچوں نے ایک بار پھر قربانی دی ہے، لیکن قوم کا حوصلہ کسی صورت پست نہیں ہوگا۔
میڈیا سے گفتگو میں عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ پاکستان میں دہشت گردی کے واقعات میں بھارت براہِ راست ملوث ہے، جو اپنی پراکسیز کے ذریعے ملک میں عدم استحکام پیدا کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دشمن اب سافٹ ٹارگٹ کو نشانہ بنا رہا ہے، مگر پوری قوم متحد ہے اور ہر وار کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم اور افواجِ پاکستان کی قیادت میں بلوچستان کو امن کا گہوارہ بنایا جائے گا، اور مودی سرکار کی بلوچستان کے حوالے سے پھیلائی جانے والی جھوٹی پروپیگنڈا مہم کا مؤثر جواب دیا جائے گا۔
وزیر اطلاعات نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ماضی میں آپریشن “بنیان مرصوص” کے ذریعے دشمن کو شکست دی گئی اور اب بھی دہشت گردوں کے خلاف کارروائیاں بھرپور انداز میں جاری رہیں گی۔ انہوں نے بچوں کے والدین سے ملاقات میں ان کے حوصلے کو سراہا اور کہا کہ ان کی استقامت دیکھ کر دل کو تقویت ملی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ بچوں کی یہ قربانی رائیگاں نہیں جائے گی، پوری قوم، حکومت اور ریاستی ادارے ان کے ساتھ کھڑے ہیں اور ان کے درد میں برابر کے شریک ہیں۔