نریندر مودی کی دھمکی: “بھارت کے حق کا پانی پاکستان کو نہیں دیا جائے گا”

لاہور (ویب ڈیسک) بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے پاکستان کے خلاف ایک بار پھر جارحانہ رویہ اختیار کرتے ہوئے راجستھان میں انتخابی جلسے کے دوران سخت بیانات دیے ہیں۔ اپنی تقریر میں انہوں نے کہا کہ “بھارت اب خاموش نہیں رہے گا، اور جس پانی پر ہمارا حق ہے، وہ پاکستان کو نہیں لینے دیں گے۔”
مودی نے دعویٰ کیا کہ بھارت اب کمزور قیادت کے دور سے نکل چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ “پاکستان شاید یہ بھول گیا ہے کہ اب یہاں نریندر مودی کھڑا ہے، جس کا سر فخر سے بلند ہے، اور جس کے خون میں اب بارود کی گرمی دوڑ رہی ہے۔” ان کا کہنا تھا کہ جن لوگوں نے بھارت کے وقار پر حملے کی کوشش کی، وہ “مٹی میں دفن ہو چکے ہیں” اور جنہیں اپنے ہتھیاروں پر گھمنڈ تھا، وہ “ملبے کے نیچے دب چکے ہیں۔”
نریندر مودی نے مزید الزام لگایا کہ رحیم یار خان کے قریب واقع پاکستانی فضائی اڈہ اب “آئی سی یو میں پہنچ چکا ہے” اور بھارتی فوج کی درست حکمت عملی نے اسے ناکارہ بنا دیا ہے۔ ان کے بقول، بھارتی افواج نے ایسا گھیراؤ کیا ہے کہ پاکستان کو پسپائی اختیار کرنی پڑی۔
انہوں نے خبردار کیا کہ “ہر دہشت گرد کارروائی کی بھاری قیمت اسلام آباد کو چکانا پڑے گی، اور اس قیمت کی ادائیگی پاکستانی فوج کو کرنا ہوگی۔” مودی کا کہنا تھا کہ بھارت نے دہشت گردوں کے ٹھکانے ختم کر دیے ہیں اور دنیا دیکھ چکی ہے کہ جب سندور بارود میں بدلتا ہے تو اس کا انجام کیا ہوتا ہے۔
نریندر مودی نے اپنی تقریر میں “آپریشن سندور” کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ جیسے پانچ سال پہلے بالاکوٹ کے بعد ان کا پہلا خطاب راجستھان میں ہوا تھا، ویسے ہی آج بھی آپریشن سندور کے بعد وہ اسی سرحدی علاقے سے خطاب کر رہے ہیں۔ آخر میں انہوں نے کہا، “میں نے اسی دھرتی پر قسم کھائی تھی کہ بھارت کبھی نہیں جھکے گا، اور آج میں اپنے وعدے پر قائم ہوں۔”
یہ بیان خطے میں ایک بار پھر کشیدگی میں اضافے کی علامت سمجھا جا رہا ہے۔