صدر اور وزیراعظم نےسیدعاصم منیرکو ’بیٹن آف فیلڈ مارشل ‘ سے نواز دیا

لاہور (ویب ڈیسک) ایوانِ صدر اسلام آباد میں ایک پُروقار تقریب کے دوران صدرِ مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر کو “بیٹن آف فیلڈ مارشل” سے نوازا، جس کے ساتھ ہی وہ ملک کی تاریخ میں فیلڈ مارشل کے رینک پر فائز ہونے والے پہلے آرمی چیف بن گئے۔
تقریب میں وزیراعظم شہباز شریف کے ساتھ نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف، وفاقی وزراء، تینوں مسلح افواج کے سربراہان، اعلیٰ سول و عسکری حکام، ارکانِ پارلیمنٹ، غیر ملکی سفراء، چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ، گورنرز اور گلگت بلتستان کی قیادت شریک ہوئی۔
صدر آصف علی زرداری نے اپنے خطاب میں کہا کہ یہ تقریب افواجِ پاکستان کی بہادری کو خراجِ تحسین پیش کرنے کا بہترین موقع ہے۔ انہوں نے جنرل عاصم منیر کو فیلڈ مارشل کے رینک پر ترقی دینے کو قوم کے لیے ایک “فخر کا لمحہ” قرار دیا اور کہا کہ “یہ فیصلہ میری خوشی اور اطمینان کا باعث ہے۔”
وزیراعظم شہباز شریف نے بھی اپنے خطاب میں کہا کہ “پاکستان کے سپاہی اور ان کی قیادت ہمارے اصل ہیروز ہیں۔” انہوں نے جنرل عاصم منیر کی قیادت اور جرات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کے زیرِ قیادت ملک نے دشمن کو بھرپور جواب دیا اور ملکی دفاع کو ناقابل تسخیر بنایا۔ وزیراعظم نے مزید کہا کہ “فیلڈ مارشل کا کردار پاکستان کی خودمختاری، سلامتی اور عسکری وقار میں کلیدی اہمیت رکھتا ہے، اور جنرل عاصم منیر اس اعلیٰ اعزاز کے مکمل حقدار ہیں۔”