وزیراعلیٰ مریم نواز کا سرگودھا میں سب سے بڑے نواز شریف فلائی اوور کا افتتاح

لاہور (ویب ڈیسک) سرگودھا شہر نے ترقی کی نئی راہ پر قدم رکھ دیا، جب وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے شہر کے سب سے بڑے نواز شریف فلائی اوور کا افتتاح کیا۔ یہ میگا منصوبہ 202 ارب روپے کی لاگت سے مکمل کیا گیا ہے۔
افتتاحی تقریب کے دوران وزیراعلیٰ مریم نواز نے فلائی اوور کا دورہ کیا اور اس کے تعمیراتی معیار کو سراہتے ہوئے کہا کہ “یہ منصوبہ سرگودھا کے شہریوں کے لیے ایک اہم سنگ میل ہے جو نہ صرف ٹریفک کے دیرینہ مسائل کو حل کرے گا بلکہ خوشاب، میانوالی اور بھکر کے شہری بھی اس سے مستفید ہوں گے۔”
بریفنگ میں بتایا گیا کہ فلائی اوور کے ساتھ سروس روڈز اور سیور چینل باکسز کی تعمیر بھی مکمل کر لی گئی ہے۔ وزیراعلیٰ نے اس منصوبے کی بروقت تکمیل پر انتظامیہ اور تعمیراتی ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ “یہ فلائی اوور سرگودھا کے عوام کے لیے ایک تحفہ ہے جو شہر کی ترقی اور شہری سہولتوں میں نئی روح پھونکے گا۔”
مقامی شہریوں نے بھی فلائی اوور کے افتتاح پر خوشی کا اظہار کیا اور کہا کہ اس منصوبے سے ٹریفک کی روانی میں بہتری آئے گی اور آمد و رفت میں وقت کی بچت ممکن ہوگی۔