پاک جاپان بزنس کونسل کا فیلڈ مارشل عاصم منیر کے لیے سونے کا تاج پیش کرنے کا اعلان

لاہور (ویب ڈیسک) آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کو فیلڈ مارشل کے عہدے پر ترقی دینے پر پاک جاپان بزنس کونسل نے مبارکباد پیش کرتے ہوئے انہیں سونے کا تاج پہنانے کا اعلان کر دیا۔ ٹوکیو اور اسلام آباد سے جاری ایک بیان میں چیئرمین کونسل رانا عابد حسین نے کہا کہ یہ تاج جنرل عاصم منیر کی بے مثال قیادت، بہادری اور وطن سے غیر متزلزل وفاداری کے اعتراف میں پیش کیا جائے گا۔
رانا عابد حسین نے کہا کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر نے نہ صرف پاکستان کی سلامتی کو ناقابل تسخیر بنایا بلکہ پوری قوم کو ایک واضح، پرعزم اور مستحکم قیادت فراہم کی، جو ہر آزمائش میں ثابت قدم رہی۔ ان کی قیادت میں پاکستان نے دشمن کو موثر پیغام دیا اور اندرونی و بیرونی خطرات کا بھرپور مقابلہ کیا۔
انہوں نے وزیر اعظم شہباز شریف کو بھی خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ایک نڈر، دیانت دار اور باصلاحیت سپہ سالار پر اعتماد کرتے ہوئے قومی مفاد میں ایک تاریخی فیصلہ کیا ہے۔ رانا عابد حسین نے کہا کہ یہ فیصلہ قومی وحدت، عسکری استحکام اور پاکستان کے روشن مستقبل کی ضمانت ہے۔