مئی اور جون میں شدید گرمی کا خدشہ، ہیٹ ویو سے متعلق اہم ایڈوائزری جاری

لاہور (ویب ڈیسک) عیدالاضحی کی آمد کے پیش نظر ضلع کھاریاں میں مویشی منڈیوں میں ممکنہ ہیٹ ویو سے نمٹنے کے لیے ڈپٹی کمشنر صفدر حسین ورک کی ہدایت پر ہنگامی اقدامات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ ضلعی انتظامیہ نے تمام اسسٹنٹ کمشنرز اور میونسپل کمیٹیوں کے چیف آفیسرز کو فوری احکامات جاری کیے ہیں تاکہ شہریوں، بیوپاریوں اور قربانی کے جانوروں کو شدید گرمی سے محفوظ رکھا جا سکے۔
ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (PDMA) پہلے ہی مئی اور جون میں ہیٹ ویو کی وارننگ جاری کر چکی ہے، جس کے پیش نظر درج ذیل حفاظتی اقدامات کا نفاذ ضروری قرار دیا گیا ہے:
-
تمام مویشی منڈیوں میں ہیٹ ویو کیمپ قائم کیے جائیں، جن میں صاف پانی، سایہ، فرسٹ ایڈ، مسٹنگ فینز اور دیگر سہولیات دستیاب ہوں۔
-
منڈیوں میں صحت مراکز اور ریسکیو 1122 کی موبائل میڈیکل ٹیمیں متحرک کی جائیں تاکہ کسی بھی ایمرجنسی سے فوری نمٹا جا سکے۔
-
بڑی منڈیوں میں واٹر سپرنکلرز اور مسٹنگ فینز نصب کیے جائیں تاکہ درجہ حرارت کو کم رکھا جا سکے۔
-
جانوروں کے لیے ویٹرنری ہیلتھ سینٹر قائم کیے جائیں اور پانی کی وافر فراہمی یقینی بنائی جائے۔
-
جانوروں کو وقفے وقفے سے سایہ دار جگہوں پر منتقل کرنے کے لیے شیڈول مرتب کیا جائے۔
-
منڈی کے اطراف باقاعدگی سے پانی کا چھڑکاؤ کیا جائے، خصوصاً آندھی یا گرد آلود موسم کے بعد۔
-
داخلی راستوں پر آگاہی بینرز اور لاؤڈ اسپیکر کے ذریعے ہیٹ ویو سے بچاؤ کی احتیاطی تدابیر عوام کو فراہم کی جائیں۔
ڈپٹی کمشنر نے زور دیا کہ انسانی جانوں اور قربانی کے جانوروں کی حفاظت کو ہر صورت اولین ترجیح دی جائے، اور تمام ادارے مکمل رابطے اور تعاون سے کام کریں تاکہ عوام کو ایک محفوظ، صاف اور سہولت بخش ماحول فراہم کیا جا سکے۔