نفرت انگیز مہم چلانے والے پاکستانی یوٹیوبرز کے گرد پی ٹی اے کا گھیرا تنگ

لاہور (ویب ڈیسک) حالیہ پاک بھارت کشیدگی کے دوران ریاست اور فوجی قیادت کے خلاف نفرت انگیز مہم چلانے والے معروف پاکستانی یوٹیوبرز پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کے ریڈار پر آ گئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق پی ٹی اے نے ایسے یوٹیوبرز کی فہرستیں مرتب کر لی ہیں اور حکومت سے ان کے یوٹیوب چینلز بند کرنے کی اجازت طلب کر لی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ٹی اے کی تیار کردہ فہرست میں عمران ریاض، صابر شاکر، صدیق جان اور شہباز گل کے نام شامل ہیں۔ اس سے قبل پی ٹی اے احمد نورانی اور وقار ملک کے یوٹیوب چینلز کو پاکستان میں بلاک کر چکی ہے۔
پی ٹی اے کو فی الوقت حکومت کی جانب سے یوٹیوبرز کے خلاف عملی کارروائی کی منظوری موصول نہیں ہوئی۔ تاہم، فوج کے خلاف پروپیگنڈا کرنے والوں کی فہرست یوٹیوب انتظامیہ کو بھی ارسال کر دی گئی ہے تاکہ بین الاقوامی سطح پر بھی ان چینلز پر نظر رکھی جا سکے۔
ذرائع کے مطابق اگر منظوری مل گئی تو جلد ہی مزید چینلز کو بند یا بلاک کرنے کی کارروائی شروع کر دی جائے گی۔