شاہد آفریدی کی وادی لیپہ آمد، عوام اور پاک فوج سے اظہارِ یکجہتی

لاہور (ویب ڈیسک) پاکستان کے معروف کرکٹر شاہد خان آفریدی لائن آف کنٹرول پر واقع وادی لیپہ پہنچ گئے، جہاں انہوں نے مقامی عوام اور پاک فوج سے اظہارِ یکجہتی کیا۔ بوم بوم آفریدی کی آمد پر ان کا شاندار استقبال کیا گیا، ان پر پھول نچھاور کیے گئے اور گلدستے و مالائیں پیش کی گئیں۔
شاہد آفریدی نے یادگار شہداء پر حاضری دی، پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی۔ اس کے بعد وہ لیپہ کرکٹ گراؤنڈ گئے، جہاں نوجوانوں سے ملاقات کی اور ان میں اپنے دستخط شدہ بیٹ اور بال تقسیم کیے، جس پر نوجوانوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہد آفریدی نے کہا کہ وہ کراچی سے اپنی فیملی اور پاکستانی عوام کی طرف سے وادی لیپہ کے لوگوں کا شکریہ ادا کرنے آئے ہیں۔ انہوں نے بھارت کو دوٹوک پیغام دیتے ہوئے کہا کہ اگر انڈیا نے دوبارہ جارحیت کی کوشش کی تو اسے بھرپور جواب دیا جائے گا۔
شاہد آفریدی نے معرکہ حق کے متاثرین سے ملاقات کی اور ان میں امدادی چیک بھی تقسیم کیے۔ اس موقع پر انہوں نے مشکل حالات میں بھی وادی لیپہ کے میڈیا کی جرأت مندانہ اور سچ پر مبنی رپورٹنگ کو سراہا اور صحافی برادری کو خصوصی مبارکباد پیش کی۔