جو لوگ فوج مخالف باتیں کرتے تھے کیا ان کا احتساب نہیں ہونا چاہئے؟

راولپنڈی (ویب ڈیسک) ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا ہے کہ جو لوگ اپنی ہی فوج کے خلاف زہر اگلتے ہیں، کیا ان کا احتساب نہیں ہونا چاہیے؟ پاکستان کی فوج اور عوام ایک دوسرے کے لیے لازم و ملزوم ہیں، اور جب یہ دونوں متحد ہوں تو ملک میں دہشت گردوں کی کوئی جگہ باقی نہیں رہتی۔
اسلام آباد میں طلبا و اساتذہ سے خصوصی نشست کے دوران گفتگو کرتے ہوئے ڈی جی آئی ایس پی آر نے نوجوانوں کی حب الوطنی اور وطن سے وابستگی کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان امن کا گہوارہ ہے اور ہماری اصل فتح امن کی فتح ہے۔
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا کہ فوج پر الزامات لگانے والوں سے سوال کرنا چاہیے کہ کیا انہوں نے خود ملک کے لیے کچھ کیا؟ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی فوج نے ہر مشکل وقت میں اپنی ذمہ داری نبھائی اور نبھاتی رہے گی۔
انہوں نے بھارت پر الزام لگاتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں ہونے والی دہشت گردی کے پیچھے بھارتی سازشیں کارفرما ہیں، لیکن اگر قوم اور افواج متحد ہو جائیں تو دشمن کے یہ عزائم کبھی کامیاب نہیں ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی پلائی آہنی دیوار دراصل عوام، بچے اور بچیاں ہیں، جنہیں اب دشمن کے خلاف صف آرا ہونا ہے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے اساتذہ کو پاک فوج کی طرف سے سیلوٹ پیش کیا اور بچوں کو تلقین کی کہ وہ اپنے اساتذہ کا احترام کریں۔ تقریب کے اختتام پر انہوں نے ‘پاکستان زندہ باد’ اور ‘کشمیر بنے گا پاکستان’ کے فلک شگاف نعرے بھی لگوائے۔