وزیراعظم شہباز شریف کا عمران خان کے دور میں قائم کی گئی ہاؤسنگ اتھارٹی ختم کرنے کا فیصلہ

اسلام آباد (ویب ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف نے سابق وزیراعظم عمران خان کے دور میں قائم کی گئی نیا پاکستان ہاؤسنگ اتھارٹی کو ختم کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ ذرائع کے مطابق اتھارٹی کے چیئرمین میجر جنرل (ر) عامر اسلم خان کے کنٹریکٹ کی مدت مکمل ہونے کے بعد اس کی تجدید نہیں کی گئی۔
ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ اتھارٹی کا سالانہ بجٹ 40 کروڑ روپے تھا، تاہم پانچ سالہ دور میں 2 ارب روپے کے بجٹ کے باوجود کوئی قابل ذکر نتائج یا آؤٹ پٹ سامنے نہ آ سکی۔
حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ مسلسل غیر موثر کارکردگی اور ترقیاتی اہداف کے حصول میں ناکامی کے پیش نظر نیا پاکستان ہاؤسنگ اتھارٹی کو بند کرنے کا حتمی فیصلہ کیا گیا ہے۔ توقع کی جارہی ہے کہ حکومت نئی ہاؤسنگ اسکیموں کے لیے متبادل اور شفاف نظام متعارف کرائے گی۔