سونے کی قیمت میں زبردست اضافہ

کراچی (ویب ڈیسک) ملک بھر میں سونے کی قیمتوں میں ایک بار پھر نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ ہفتہ کے روز فی تولہ سونا 2,400 روپے مہنگا ہو کر 3 لاکھ 38 ہزار 500 روپے تک پہنچ گیا، جس سے عوام اور خریداروں کو شدید حیرت کا سامنا ہے۔
آل پاکستان جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق 10 گرام سونے کی قیمت میں بھی 2,058 روپے کا اضافہ ہوا ہے، جس کے بعد یہ 2 لاکھ 90 ہزار 209 روپے پر جا پہنچی ہے۔
عالمی مارکیٹ میں بھی سونے کے نرخوں میں اضافہ دیکھنے میں آیا، جہاں فی اونس سونا 24 ڈالر مہنگا ہو کر 3,177 ڈالر ہو گیا۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ عالمی سطح پر معاشی غیر یقینی صورتحال، ڈالر کی قدر میں اتار چڑھاؤ اور سرمایہ کاروں کے رجحان کے باعث سونے کی قیمت میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے، جس کا براہ راست اثر مقامی مارکیٹ پر بھی پڑ رہا ہے۔