بھارت نے ترکیہ کو بھی میزائل حملے کی دھمکی دیدی

نئی دہلی (ویب ڈیسک) — پاکستان کے ہاتھوں شرمناک شکست کے بعد بھارت کی بوکھلاہٹ کھل کر سامنے آ گئی ہے، اور اب کھسیانی بلی کی طرح بھارت نے ترکی کو بھی میزائل حملے کی دھمکیاں دینا شروع کر دی ہیں۔ بھارتی میڈیا میں شائع ہونے والے ایک اشتعال انگیز مضمون میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ بھارت کا براہموس میزائل صرف 6 منٹ میں ترکی کو تباہ کر سکتا ہے۔ اس رپورٹ کے پیچھے بھارت کی بدنام زمانہ انٹیلی جنس ایجنسی “را” کے ملوث ہونے کا بھی انکشاف ہوا ہے۔
ذرائع کے مطابق، بھارتی ایوی ایشن سیکیورٹی واچ ڈاگ BCAS نے ترکی کی مشہور گراؤنڈ ہینڈلنگ کمپنی “سیلیبی ایئرپورٹ سروسز انڈیا پرائیویٹ لمیٹڈ” کی سیکیورٹی کلیئرنس منسوخ کر دی ہے۔ یہ کمپنی بھارت کے نو بڑے ایئرپورٹس — دہلی، ممبئی، بنگلور، کوچی، حیدرآباد، گوا، احمد آباد، کنور، اور چنئی — پر اپنی خدمات فراہم کر رہی تھی۔
متنازع مضمون میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ بھارت کا اگنی فائیو بیلسٹک میزائل 29,400 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے پرواز کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے، جو ترکی کے دارالحکومت انقرہ سمیت کسی بھی حصے کو چند منٹوں میں نشانہ بنا سکتا ہے۔ ماہرین نے اسے بھارت کی جانب سے ایک غیر ذمہ دار اور اشتعال انگیز بیان قرار دیا ہے، جس سے خطے کے امن کو سنگین خطرات لاحق ہو سکتے ہیں۔
تجزیہ کاروں کے مطابق بھارت کی یہ جارحانہ مہم اس وقت شروع ہوئی جب ترکی نے حالیہ پاکستان-بھارت کشیدگی کے دوران کھل کر پاکستان کی حمایت کی اور جدید فوجی ڈرون فراہم کیے۔ بھارت یہ تاثر دے رہا ہے کہ وہ براہموس میزائل کو کسی بحری جنگی جہاز سے لانچ کر کے ترکی پر حملہ کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے — ایک ایسا عمل جو بین الاقوامی قوانین اور علاقائی امن کے لیے کھلا چیلنج ہو گا۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ شکست کی خفت مٹانے کے لیے بھارت اس طرح کے غیر ذمہ دارانہ بیانات سے خطے میں مزید عدم استحکام پیدا کر رہا ہے، جس پر عالمی برادری کو فوری توجہ دینی چاہیے۔ ترکی سمیت دیگر ممالک سے بھارت کی اشتعال انگیزی کے خلاف مشترکہ آواز بلند کرنے کی ضرورت بڑھتی جا رہی ہے۔