بھارتی میوزک کمپنی کا انتقامی اقدام: عاطف اسلم کا نام یوٹیوب سے ہٹا دیا گیا

ممبئی (این این آئی) بھارت اور پاکستان کے درمیان حالیہ کشیدگی کے بعد بھارتی حلقوں کی جانب سے نفرت انگیز رویے میں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔ تازہ ترین اقدام میں بھارتی میوزک کمپنی زی میوزک نے عالمی شہرت یافتہ پاکستانی گلوکار عاطف اسلم کا نام اپنے یوٹیوب چینل پر موجود گانوں سے ہٹا دیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق زی میوزک نے یوٹیوب پر موجود ان گانوں کی تفصیلات اور ٹائٹل سے بھی عاطف اسلم کا نام حذف کر دیا ہے، حالانکہ ان گانوں میں اب بھی عاطف اسلم کی آواز سنی جا سکتی ہے۔
واضح رہے کہ بھارت میں اس سے قبل پاکستانی فنکاروں کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر پابندیاں عائد کی گئیں تھیں، اور اب میوزک انڈسٹری بھی اسی تعصب کی زد میں آ چکی ہے۔ بھارتی فلموں کے البمز سے پاکستانی فنکاروں کی تصاویر بھی ہٹانے کا عمل جاری ہے۔
مبصرین کا کہنا ہے کہ فن، موسیقی اور ثقافت کو سیاست سے الگ رکھنا چاہیے، اور اس طرح کے اقدامات سے صرف فنکار برادری کے درمیان فاصلہ بڑھے گا۔