ٹک ٹاک پر لائیو اسٹریم کے دوران مشہور خاتون ٹک ٹاکر قتل

میکسیکو سٹی (این این آئی) میکسیکو کے شہر زاپوپان میں ایک دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا جہاں 23 سالہ معروف ٹک ٹاک بیوٹی انفلوئنسر والیریا مارکیز کو لائیو اسٹریم کے دوران فائرنگ کر کے قتل کر دیا گیا۔
غیر ملکی خبررساں اداروں کے مطابق، والیریا ایک بیوٹی سیلون میں موجود تھیں اور اپنے فالورز کے لیے لائیو اسٹریم کر رہی تھیں جب انہوں نے ایک پارسل وصول کیا۔ چند لمحوں بعد وہ کیمرے کے سامنے واپس آئیں لیکن اچانک کرسی پر خون میں لت پت گر گئیں جبکہ لائیو ویڈیو مسلسل جاری رہی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ یہ واقعہ ممکنہ طور پر فیمیسائیڈ ہے، یعنی کسی خاتون کو صنفی بنیاد پر قتل کرنا۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق ایک مسلح شخص سیلون میں داخل ہوا اور والیریا پر براہ راست فائرنگ کر دی۔
پولیس نے ملزم کی تلاش شروع کر دی ہے اور واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے۔ یہ واقعہ نہ صرف میکسیکو میں خواتین کے خلاف تشدد کی سنگینی کو اجاگر کرتا ہے بلکہ سوشل میڈیا کی دنیا میں بھی سنسنی پھیل گئی ہے۔