آپریشن بنیان مرصوص: مقبوضہ کشمیر میں پاکستان کے منہ توڑ جواب پر پوسٹرز چسپاں

لاہور (ویب ڈیسک) — بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر کے مختلف علاقوں میں حالیہ بھارتی جارحیت کے خلاف پاکستانی ردِعمل کو سراہتے ہوئے آزادی پسند تنظیموں کی جانب سے پوسٹرز چسپاں کیے گئے ہیں، جن میں پاک افواج اور پاکستانی قوم کو بھرپور خراجِ تحسین پیش کیا گیا ہے۔
پوسٹرز میں پاکستانی پرچم کے ساتھ ساتھ جے-10 سی طیارے کی تصاویر بھی شامل ہیں، جس کے ذریعے مبینہ طور پر بھارتی رافیل طیاروں کو نشانہ بنایا گیا۔ ”آپریشن بنیان مرصوص“ کے عنوان سے شائع ہونے والے ان پوسٹرز میں کہا گیا ہے کہ پاکستانی افواج نے بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دے کر کشمیریوں کے دل جیت لیے ہیں۔
پوسٹرز کے متن میں تحریر ہے کہ پاکستان کی پیشہ ور اور مہارت سے بھرپور افواج نے بھارتی عسکری صلاحیت کا پول کھول دیا ہے۔ پاکستان نے اقوام متحدہ کے چارٹر کے آرٹیکل 51 کے تحت دفاع کا حق استعمال کیا اور بھارت کے توسیع پسندانہ عزائم کو ناکام بنا دیا۔ کشمیری عوام نے ایک بار پھر واضح کیا ہے کہ وہ بھارتی تسلط سے مکمل آزادی حاصل کیے بغیر چین سے نہیں بیٹھیں گے۔
پوسٹرز میں مزید کہا گیا ہے کہ پاکستان نے خطے میں بھارتی فرقہ وارانہ اور جارحانہ ایجنڈے کے خلاف بند باندھ دیا ہے اور جنوبی ایشیا میں طاقت کا توازن بحال کیا ہے۔ یہ پوسٹرز سوشل میڈیا پلیٹ فارمز جیسے فیس بک اور ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر بھی وسیع پیمانے پر شیئر کیے جا رہے ہیں، جہاں انہیں کشمیری عوام کی آواز قرار دیا جا رہا ہے-