پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں بڑی کمی کا امکان، عوام کو ریلیف ملنے کی امید

لاہور (ویب ڈیسک) — بین الاقوامی منڈی میں قیمتوں میں کمی اور درآمدی پریمیم میں کمی کے باعث آئندہ 15 روز کے لیے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں واضح کمی متوقع ہے۔
ذرائع کے مطابق 15 مئی کو پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں بالترتیب 3.5 روپے اور 7 روپے فی لیٹر کی کمی کا امکان ہے۔ موجودہ ٹیکس شرح کو مدنظر رکھتے ہوئے پیٹرول کی ایکس ڈپو قیمت میں تقریباً 3.5 روپے فی لیٹر کمی کا تخمینہ لگایا گیا ہے، جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 7 روپے فی لیٹر کی ممکنہ کمی کا اندازہ لگایا گیا ہے۔
یہ تخمینہ عالمی منڈی میں گزشتہ دو ہفتوں کے دوران پیٹرول کی قیمت میں 1.5 ڈالر فی بیرل اور ڈیزل کی قیمت میں 3 ڈالر فی بیرل کمی کی بنیاد پر لگایا گیا ہے۔ اس وقت پیٹرول کی ایکس ڈپو قیمت 252.63 روپے فی لیٹر ہے۔
اگر حکومت نے یہ ممکنہ کمی مکمل طور پر عوام تک منتقل کی، تو اس سے عام صارفین کو مہنگائی کے اس دور میں خاطرخواہ ریلیف ملے گا۔