سرحدی کشیدگی کے باوجود پاکستان اور بھارت کے درمیان قیدیوں کا تبادلہ

لاہور (ویب ڈیسک) — کشیدہ حالات کے باوجود پاکستان نے جذبہ خیر سگالی کے تحت بھارتی اہلکار کو واپس کر دیا، جسے سرحد عبور کرنے پر گرفتار کیا گیا تھا۔
پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ بندی کے ماحول میں قیدیوں کا تبادلہ ہوا ہے۔ پاکستانی حکام نے بھارتی بارڈر سیکیورٹی فورس (بی ایس ایف) کے کانسٹیبل پورنم کمار کو واہگہ/اٹاری بارڈر پر بھارت کے حوالے کیا، جبکہ بھارت نے پنجاب رینجرز کے اہلکار محمد اللہ کو پاکستانی حکام کے سپرد کیا۔
پورنم کمار کو 23 اپریل 2025 کو گنڈا سنگھ والا/فیروز پور سیکٹر میں پاکستانی حدود میں غیر ارادی طور پر داخل ہونے کے بعد گرفتار کیا گیا تھا۔ پاکستانی حکام نے قانونی و حفاظتی تقاضے مکمل کرنے کے بعد آج اس کی واپسی کو ممکن بنایا۔
بی ایس ایف کی جانب سے جاری بیان میں تصدیق کی گئی ہے کہ پاکستان رینجرز نے پورنم کمار کو بحفاظت واپس کیا ہے، اور اس اقدام کو بھارت کی جانب سے سراہا گیا ہے۔
یہ تبادلہ ایک ایسے وقت میں ہوا ہے جب دونوں ممالک کے تعلقات کشیدہ ہیں، سرحدی جھڑپوں کے بعد بارڈرز بند ہیں، اور سفارتی روابط محدود ہو چکے ہیں۔ تجزیہ کاروں کے مطابق پاکستان کی یہ پیش رفت انسانی ہمدردی اور بین الاقوامی قوانین کی پاسداری کا مظہر ہے، جو خطے میں امن کی جانب ایک مثبت اشارہ ہے۔