منور ظریف کو بچھڑے 49 برس بیت گئے

لاہور (ویب ڈیسک) — پاکستان فلم انڈسٹری کے لیجنڈری مزاحیہ اداکار منور ظریف کو بچھڑے آج 49 برس گزر چکے ہیں، مگر ان کی شاندار اداکاری اور ظرافت آج بھی مداحوں کے دلوں میں تازہ ہے۔ وہ اپنی بے ساختہ اداکاری، منفرد مزاحیہ انداز اور برجستہ مکالمات کے باعث پاکستانی فلمی تاریخ میں ایک ناقابلِ فراموش مقام رکھتے ہیں۔
منور ظریف نے 1961ء میں فلمی دنیا میں قدم رکھا اور پنجابی فلم ہتھ جوڑی کی بدولت شہرت کی بلندیوں کو چھوا۔ ان کی رنگیلا کے ساتھ کامیاب جوڑی نے برصغیر میں مزاحیہ اداکاری کو نئی جہت دی۔ نرالہ، زلفی اور خلیفہ نذیر جیسے بڑے کامیڈینز کے دور میں انہوں نے الگ شناخت قائم کی اور ’شہنشاہِ ظرافت‘ کے لقب سے پہچانے گئے۔
16 سالہ کیریئر میں انہوں نے 300 سے زائد اردو اور پنجابی فلموں میں اداکاری کی، جن میں بنارسی ٹھگ، جیرا بلیڈ، موج میلہ، چکر باز اور نوکر وہٹی دا جیسی شہرہ آفاق فلمیں شامل ہیں۔ ان کی اداکاری صرف تفریح نہیں بلکہ قہقہوں کی لہر تھی، جو آج بھی فلمی شائقین کے چہروں پر مسکراہٹ بکھیر دیتی ہے۔