پی آئی اے کا بھارت کی بجائے چین کی فضائی حدود استعمال کرنے کا فیصلہ

لاہور (ویب ڈیسک) — قومی ایئر لائن (پی آئی اے) نے بھارت کی بجائے چین کی فضائی حدود استعمال کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق، بھارتی ایئرلائنز کے لیے پاکستانی فضائی حدود بند کیے جانے کے بعد پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن کی پہلی پرواز پی کے 898 لاہور سے کوالالمپور روانہ ہو گئی ہے۔
پی آئی اے کی پرواز اب بھارت کی فضائی حدود کو بائی پاس کرتے ہوئے چین کے راستے ملائیشیا پہنچے گی۔ اس پرواز میں 120 سے زائد مسافر سوار ہیں۔ معمول کے حالات میں پی آئی اے کی پروازیں بھارتی فضائی حدود استعمال کرتے ہوئے جاتی تھیں۔
واضح رہے کہ پاکستانی فضائی حدود کی بندش سے بھارتی ایئر لائنز کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ بھارت سے یورپ اور امریکا جانے والی پروازوں کا دورانیہ بڑھ گیا ہے، جس کے نتیجے میں ایندھن کا خرچ اور آپریشنل پیچیدگیاں بھی بڑھ گئی ہیں۔
رپورٹس کے مطابق 24 گھنٹوں میں 70 سے زائد بھارتی پروازیں متاثر ہوئیں، اور ٹکٹوں کی قیمتوں میں بھی نمایاں اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔ اب بھارت کو متبادل راستوں سے پروازیں چلانے پر کروڑوں کا اضافی خرچ برداشت کرنا پڑ رہا ہے۔