خطے میں خطرے کی گھنٹیاں؟ ترک صدر کا پاک بھارت کشیدگی پر ہنگامی بیان

لاہور (ویب ڈیسک) — پاکستان اور بھارت کے درمیان پہلگام واقعے کے بعد بڑھتی کشیدگی پر ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان کا اہم بیان سامنے آ گیا ہے۔
ترک خبررساں ایجنسی کے مطابق، ترک صدر نے پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی میں کمی کی اپیل کی ہے۔
ترک کابینہ اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صدر اردوان نے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف کا حالیہ دورہ ترکیہ انتہائی حساس وقت میں ہوا ہے۔ اس دورے کے دوران خصوصی طور پر تجارت اور دفاعی صنعت میں تعاون پر بات ہوئی اور پاکستانی عوام کے ساتھ بھرپور یکجہتی کا اعادہ کیا گیا۔
صدر اردوان نے واضح کیا کہ ترکیہ کا ہمیشہ سے مؤقف رہا ہے کہ خطے میں یا اس کے باہر مزید تنازعات پیدا نہیں ہونے چاہئیں۔ انہوں نے زور دیا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی میں جلد از جلد کمی لانی چاہیے، قبل اس کے کہ صورتحال مزید بگڑ جائے۔
دوسری جانب پاک بھارت کشیدگی کے تناظر میں وزیر دفاع خواجہ آصف نے بھی خطرے کی گھنٹی بجا دی ہے۔ برطانوی خبر ایجنسی کو دیے گئے انٹرویو میں خواجہ آصف نے انکشاف کیا کہ بھارتی حملے کے خدشے کے پیش نظر سرحد پر پاکستان کی فوجی قوت میں اضافہ کر دیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پہلگام فالس فلیگ آپریشن کے بعد بھارت کی طرف سے جارحیت کے امکان کو دیکھتے ہوئے اہم اسٹریٹجک فیصلے بھی کر لیے گئے ہیں۔ خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ اگر پاکستان کے وجود کو براہ راست خطرہ لاحق ہوا تو ایٹمی ہتھیاروں کے استعمال سے بھی دریغ نہیں کیا جائے گاـ