پاکستان نے اپنا مصنوعی ذہانت کا نظام ’ذہانت اے آئی‘ متعارف کرا دیا

0
pakistan
ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

لاہور (ویب ڈیسک) — پاکستان نے ٹیکنالوجی کے میدان میں ایک اور اہم کامیابی حاصل کرتے ہوئے اپنا مقامی مصنوعی ذہانت کا نظام ’ذہانت اے آئی‘ متعارف کرا دیا۔ اسلام آباد میں منعقدہ ایک خصوصی تقریب میں اس منصوبے کا باضابطہ افتتاح کیا گیا، جس میں آئی ٹی ماہرین، ٹیکنالوجی کے شعبے سے وابستہ افراد اور مختلف شعبہ ہائے زندگی کے نمائندوں نے شرکت کی۔

تقریب کے دوران منصوبے کی بانی اور آئی ٹی ماہر مہوش سلیمان علی نے شرکا کو ’ذہانت اے آئی‘ کے خدوخال اور اس کی اہمیت سے آگاہ کیا۔ اس موقع پر وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی شزہ فاطمہ خواجہ کو بھی پاکستان کے مقامی جی پی ٹی ماڈل پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ مہوش سلیمان کے مطابق یہ منصوبہ کئی مراحل اور انتھک محنت کے بعد پایہ تکمیل کو پہنچا ہے۔

’ذہانت اے آئی‘ ایک جدید چیٹ بوٹ ہے جو صارفین کو مختلف زبانوں میں مقامی ڈیٹا سرورز کے ذریعے محفوظ اور تیز رفتار خدمات فراہم کرے گا۔ ماہرین نے اس کامیابی کو پاکستان کی تکنیکی صلاحیتوں کا مظہر قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ منصوبہ عالمی سطح پر بھی پاکستان کی نئی شناخت بنانے میں معاون ثابت ہوگا۔

مہوش سلیمان نے مزید کہا کہ ’ذہانت اے آئی‘ کو عالمی معیار کے مطابق تیار کیا گیا ہے اور اسے مزید زبانوں اور خصوصیات کے ساتھ اپ گریڈ کرنے پر بھی کام جاری ہے تاکہ یہ پاکستانی صارفین کی ضروریات کو زیادہ بہتر انداز میں پورا کر سکے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر شزہ فاطمہ خواجہ نے کہا کہ مصنوعی ذہانت کا استعمال طلبا کی صلاحیتوں کو نکھارنے میں اہم کردار ادا کرے گا اور تعلیمی اداروں میں اے آئی کلاس رومز کے قیام سے پاکستان کا مستقبل روشن ہوگا۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومت مصنوعی ذہانت کے فروغ کے لیے مکمل تعاون جاری رکھے گی تاکہ پاکستانی ٹیلنٹ عالمی سطح پر اپنی پہچان بنا سکے۔

اس پوسٹ کو شیئر کریں

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *