ٹرین کے واش روم سے مسافر کی لاش برآمد، تحقیقات شروع

لاہور ریلوے اسٹیشن پر اس وقت سنسنی پھیل گئی جب کراچی سے لاہور آنے والی تیزگام ایکسپریس کی اکانومی کلاس کے واش روم سے ایک لاش برآمد ہوئی۔ واقعہ اس وقت سامنے آیا جب ٹرین کی بوگیوں کی صفائی کے دوران ریلوے ملازمین کو ایک واش روم میں غیر معمولی صورتحال محسوس ہوئی۔
ریلوے ذرائع کے مطابق، لاش واش روم کی چھت سے رومال کے ذریعے لٹکی ہوئی حالت میں ملی۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق لاش کی موجودگی کا علم اس وقت ہوا جب ٹرین کو واشنگ لائن پر لے جا کر صفائی کی جا رہی تھی۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریلوے پولیس فوری طور پر موقع پر پہنچی، علاقے کو گھیرے میں لیا اور شواہد اکٹھے کیے۔
لاش کو قانونی کارروائی کے لیے فوری طور پر مردہ خانے منتقل کر دیا گیا ہے، جب کہ پولیس نے ابتدائی تفتیش شروع کر دی ہے۔ ریلوے حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی ہر پہلو سے جانچ کی جا رہی ہے تاکہ یہ معلوم کیا جا سکے کہ یہ خودکشی کا معاملہ ہے یا اس کے پیچھے کوئی مجرمانہ سرگرمی ہے۔
ریلوے پولیس نے بتایا کہ لاش کی شناخت کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں اور سی سی ٹی وی فوٹیجز کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے تاکہ مزید شواہد حاصل کیے جا سکیں۔ مسافروں اور ریلوے ملازمین میں اس افسوسناک واقعے کے بعد خوف و ہراس کی کیفیت دیکھنے میں آئی۔
ادھر ریلوے انتظامیہ نے یقین دہانی کرائی ہے کہ واقعے کی مکمل اور شفاف تحقیقات کر کے ذمہ داران کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔ حکام نے اس واقعے کو انتہائی افسوسناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ مسافروں کی جان و مال کا تحفظ ان کی اولین ترجیح ہے اور مستقبل میں ایسے واقعات سے بچاؤ کے لیے مزید سخت اقدامات کیے جائیں گے۔